قوم حق اور سچ کی جنگ میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، ضمیر فروشوں، چوروں، ڈاکوؤں،لٹیروں کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

30

فیصل آباد ،25مارچ  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے باریاں بدل بدل کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کرپٹ ٹولے کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اورپوری قوم حق و سچ کی اس جنگ میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک اس وقت انتہائی اہم موڑ پر کھڑا ہے اورپاکستان کے ہر بچے،جوان،بزرگ کی نظریں اعلیٰ عدلیہ اور معزز ججزپر لگی ہیں کیونکہ اس وقت عدالت عظمیٰ انتہائی اہم صدارتی ریفرنس کی سماعت کررہی ہے اور یہ ریفرنس دائر کرنے کا مقصد قومی سیاست میں ضمیر فروشوں کا راستہ روکنا ہے نیزآئین کے آرٹیکل63 اے سے متعلق اہم ترین کیس کی تشریح ہورہی ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ کیا ضمیر فروشوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے اور کیا جو شخص کسی پارٹی کے ٹکٹ، اس کے انتخابی نشان اور اس کے منشور پر حلقے کے ہزاروں لاکھوں ووٹرز کا مینڈیٹ لیکر اسمبلی میں آتا ہے وہ کسی ذاتی لالچ یا پیسے کی ہوس میں ضمیر فروشی کرتے ہوئے اپنے حلقہ کے ووٹرز کے مینڈیٹ کی توہین کر سکتا ہے ، چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوجا ئے گا اور آئندہ کسی کو ضمیر فروشی کی ہمت نہیں ہوگی۔

 وہ  جمعہ  کو  یہاں   اپنے حلقہ نیابت این اے 108 فیصل آباد کے علاقہ سمن آباد سمندری روڈ پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر، میاں وارث عزیز، شکیل شاہد اور ممتاز سیاسی رہنما عادل رفیع چیمہ سمیت پی ٹی آئی کے ڈویژنل، ضلعی، سٹی عہدیداران بھی بڑی تعداد میں موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن 27 مارچ کے جلسے کیلئے بیتاب ہیں جبکہ وہ جلسے میں بھرپور شرکت پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے شکر گزار ہیں کیونکہ فیصل آباد کے عوام عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے اورعمران خان کے نام پر ووٹ دیتے ہیں اسی لئے انہوں نے ملک بھر کے عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کوگزشتہ الیکشن میں ایک کروڑ ستر لاکھ ووٹ دیئے لیکن بدقسمتی ان میں راجہ ریاض جیسے لوگ بھی شامل ہوگئے لیکن آج وہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر عابد شیر علی کے علاوہ قیادت نے انہیں اجازت دی تو وہ فیصل آباد سے راجہ ریاض کے خلاف بھی نہ صرف بھرپور الیکشن لڑیں گے بلکہ ان کی ضمانت بھی ضبط کروائیں گے۔

 وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہم آئندہ عام انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے نیز وہ منحرف ارکان سے کہتے ہیں کہ واپس آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ناموس رسالت ﷺ  کا مقدمہ لڑااوراقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی قوم کا سر جھکنے نہیں دیابلکہ عمران خان نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا سر بھی فخر سے بلند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی غیرت اور اسلام کا پرچم بلند کرنے کی بات کرتا ہے مگر دوسری جانب فضل الرحمن نے قوم کی بجائے چوروں کا ٹولہ اکٹھا کیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ رمضان شوگر مل کے 14 ملازمین کے اکاؤنٹ میں 16 ارب روپے آئے اورشہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیلئے چھوٹے ملازمین کے اکاؤنٹ استعمال کئے لہٰذاشہباز شریف بتائیں کہ چھوٹے ملازمین کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کا ضمیر نوٹوں کی چمک دیکھ کر جاگاہے لیکن آج قوم کرپٹ ٹولے کے خلاف عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے کیونکہ عمران خان نے فلاح عامہ کے تاریخی اقدامات کئے اور نہ صرف ہر خاندان کو دس لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی بلکہ کم آمدن والے افراد کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے عمران خان کی پالیسی کو عالمی سطح پر سراہا گیا اسی لئے قوم حق اور سچ کی جنگ میں عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔

وزیر مملکت  نے کہا کہ فضل الرحمن دین کے نام پر سیاست کرتا ہے،جس نے قوم کی بجائے چوروں کا ٹولہ اکٹھا کیا۔ انہوں نے کہا کہ2018 کے الیکشن میں راجہ ریاض نے ٹکٹ کیلئے عمران خان کے پاؤں پکڑے تھے مگر آج راجہ ریاض کا ضمیر نوٹوں کی ’چمک‘ دیکھ کر جاگ گیا ہے لیکن   آئندہ انتخابات میں راجہ ریاض کی ضمانت ضبط  کرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم کرپٹ ٹولے کے خلاف عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے کیونکہ عمران خان کے دل میں غریب آدمی کا احساس اور درد ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ کیا ان ضمیر فروشوں کو ووٹ دینا چاہیے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے کہتے ہیں کہ لوٹوں اور ضمیر فروشوں کا راستہ روکیں۔انہوں نے کہا کہ  عوام امانت کے طور پر ووٹ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو دیتے ہیں جس میں خیانت نہیں ہوسکتی اسلئے پاکستان کے قانون کے اندر ضمیر فروشوں،بھگوڑوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے راستہ بند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ  عوام اس سوال کا جواب چاہتے ہیں کہ جنہوں نے ملک لوٹا ہو،منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز ثابت ہوں ہر مہذب معاشرہ ان کے خلاف لڑتا ہے مگریہاں پر پاپڑ والے،فالودے والے، مقصود چپڑاسٹی جیسے کرداروں کے ذریعے اربوں روپے کی ترسیل ہوتی ہے مگر وہ حکومتیں گرانے کی باتیں کررہے ہیں جس میں انہیں کوئی کامیابی نہیں ہوسکتی۔

 وزیر مملکت اطلاعات نے کہاکہ عجیب تماشہ ہے جس وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد جمع ہے اسکے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ہے، جو عدم اعتماد لارہے ہیں وہ سب کرپٹ ہیں، اپوزیشن کا رونا دھونا باقی رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ27مارچ کو پی ٹی آئی کے جلسے میں عوامی سمندر ہوگا، ساڑھے تین سال سے اتحاد قائم، آج بھی اتحادی کابینہ کا حصہ اور رابطے میں ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ کیا پاکستان کی جمہوریت اربوں کی مار ہے،نوٹوں کی بوریاں لائیں اور ووٹ خریدلیں، ضمیر جاگنے کی وجہ نوٹوں کی چمک ہے، ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پر عدم اعتماد نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک اصول پسند لیڈر ہیں یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کے دلیر، نڈر، بہادر، جرات وہمت والے نوجوان اور بزرگ اتوار کی بجائے ابھی اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ جلسے میں جانے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27 مارچ بروز اتوار کو صبح 9 بجے ان کے اسی انتخابی ڈیرہ سے کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور وزرا کی قیادت میں فیصل آباد سے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا اور فیصل آباد کی سیاسی ہسٹری میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگی۔

سورس:وی  این ایس،  فیصل آباد