ملتان؛نجی کمپنی کے بس ڈرائیورز میں فرسٹ ایڈ باکس، ایمرجنسی کِٹس اور اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس تقسیم

35

ملتان، 15 اپریل (اے پی پی ): موٹروے پولیس سیکٹر ملتان سنٹرل 2 زون کی جانب سے نجی کمپنی کے بس ڈرائیورز میں فرسٹ ایڈ باکس، ایمرجنسی کِٹس اور اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس تقسیم کیے گئے۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر ملتان موٹروے سنٹرل 2 زون کی جانب سے نجی کمپنی کے ٹرمینل پر روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی آگاہی بارے لیکچر دیا گیا اور فرسٹ ایڈ باکس تقسیم کیے گئے۔

آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی اور ڈی آئی جی فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل  نے نجی کمپنی کے بس ڈرائیورز میں فرسٹ ایڈ باکس ایمرجنسی کِٹس اور اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس تقسیم کیں۔

فرسٹ ایڈ باکس میں پایوڈین،ہینڈ سینی ٹائزر،گلوز،فیس ماسک ،کاٹن رول،گاز،بینڈیجِز، اورمختلف عام استعمال کی ادویات موجود ہیں جو کہ ایمرجنسی کی صورت میں مسافروں اور بس عملے کے کام آ سکتی ہیں ۔

 تقریب سے خطاب میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ مختلف کمپنیز کی بسوں کو یہ فرسٹ ایڈ باکس اور اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس دینے کامقصدکمپنیوں کو حساسیت دلانا ہے کہ اپنی کمپنیوں کی تمام بسوں میں ایسی ہی مفید اور کارآمد ایمرجنسی کٹ مہیا کریں جو بوقت ضرورت انسانی جانیں بچانے کے کام آسکیں۔

ڈی ایس پی لائن ہیڈ کوارٹر چوہدری مسرور علی نے کہا کہ اب تک بہت سی قیمتی جانیں روڈ حادثات میں ضائع ہو چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ کرتے وقت حد رفتار کا خیال رکھیں۔ کمپنی کی انتظامیہ ڈرائیورز اور مسافروں نے موٹروے پولیس کے انسانیت کی خدمت کے اس جزبہ کو سراہا اور موٹروے پولیس کا شکریہ اداکیا۔

اس موقع پر  ڈی ایس پی راؤ محمد اقبال ، انسپکٹر اصغر شاھد پی آر او سیکٹر حسان جبکہ نجی کمپنی کی جانب سے مینیجر ورکشاپ اینڈ آپریشن محمد حنیف، ریجنل مینیجر رانا زاھد اور ٹرمینل مینجر وسیم اور تمام ڈرائیور نے شرکت کی۔