ملتان، 29اپریل(اے پی پی): حکومت پنجاب نے ماہ صیام کے آخر تک رمضان بازار فعال رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ڈویژنل انتظامیہ کی رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے بستی ملوک، مخدوم رشید رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، پرائس لسٹ ڈسپلے، سٹاک رجسٹر، چینی آٹے کے سٹاک اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ رمضان بازاروں میں رش شہریوں کے اطمینان کا عکاس ہے، رمضان بازاروں میں چینی 70 فی کلو، آٹے کے 10 کلو کا تھیلہ 400 روپے دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور محنت کررہی ہے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے شہریوں سے ملاقات کی اور رمضان بازاروں بارےاستفسار کیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عامر افتخار بھی ہمراہ تھے۔