رحیم یار خان؛ڈی سی مہتاب وسیم کی زیر صدارت عید تعطیلات میں سیکورٹی و انتظامی امور بارے جائزہ اجلاس

19

رحیم یار خان،02مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کی زیر صدارت عید تعطیلات میں سیکورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چاند رات، عید نماز اور دیگر تعطیلات میں سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔عید تعطیلات میں ایمرجنسی اداروں، چیک پوسٹس پر تعینات عملہ اور میونسپل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں میں قائم چیک پوسٹس مکمل فعال رہیں گی۔عید تعطیلات میں گندم، آٹا اور فرٹیلائزر کی غیر قانونی نقل و حرکت کسی صورت نہیں ہونے دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ مل کر سیکورٹی و انتظامی امور کی نگرانی کریں۔ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی خود ساختہ قلت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے ہمراہ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے،ضلع کی حدود میں قائم غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل ذخیرہ کرنے والے ڈپوز اور K فارم کے بغیر فعال پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے سسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں عید گاہوں، مساجد اور مارکیٹس میں شہریوں کی آمدورفت کے لئے بہترین صفائی امور یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی حدود میں کسی قسم کے مکینیکل جھولے لگانے کی اجازت نہیں ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ایم سی، پولیس مکینیکل جھولوں کے خلاف کارروائی کریں۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ عید تعطیلات میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی چھٹیاں منسوخ اور وہ فرائض کی ادائیگی کریں گے۔عید تعطیلات میں گرانفروشی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی،اسسٹنٹ کمشنرز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز مضافاتی علاقوں میں کھانے پینے کی تیاری و فروخت کرنے والے کارخانوں پر بھی نظر رکھیں،ضلع بھر میں ناقص و غیر معیاری کھانے پینے ک اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔