ٹوبہ ٹیک سنگھ؛ شہداء پولیس کی فیملیز میں عیدی اور گفٹ تقسیم

14

ٹوبہ ٹیک سنگھ،02مئی(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب جناب راؤ سردار علی خان کی خصوصی ہدایت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نجیب الرحمان بگوی کے حکم پرضلع پولیس ٹوبہ ٹیک سنگھ کے22شہداء کی فیملیز اور بچوں میں عیدی اور گفٹ تقسیم کیے گئے۔

ڈی پی اونجیب الرحمان بگوی نے کانسٹیبل مقبول شہید اور کانسٹیبل ظفر اقبال شہید کے گھر جا کر شہداء کے بچوں میں عیدی اور گفٹ تقسیم کیے۔ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور شہداء کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھا۔ انہوں نے شہداء کے ورثاء سے ان کے ذاتی مسائل بھی دریافت کیے اور ان کے حل کے احکامات جاری کیے جبکہ دوسرے شہداء کی فیملیز میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹررمضان،ڈی ایس پی گوجرہ احمد یار،ڈی ایس پی صدر سرکل ٹوبہ آصف علی شاہ اور ڈی ایس پی کمالیہ فضل عباس نے عیدی اور گفٹ تقسیم کیے۔

اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ نجیب الرحمان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کی فیملیز ہماری فیملیز ہیں اور ان کی ہر قسم کی دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پولیس شہداء کی فیملیز اور بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،محکمہ پولیس شہداء کے بچوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا کیونکہ شہداء نے محکمہ پولیس میں اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا ہے اور یہ شہید ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں جنہوں نے اس ملک و قوم کی خاطر اپنی جان قربان کی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم شہداء کی فیملیز اور بچوں کی خوشی اور غم میں برابر کے شریک ہیں اورآنے والے ہر مشکل وقت میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔