وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا بیرونی سازش کے حوالے سے انکوائری کمیشن کے قیام کا اعلان، آزاد اور خودمختار کمیشن عمران خان کے سازش کے بیانیہ کی تحقیقات کرے گا

44

اسلام آباد،05 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بیرونی سازش کے حوالے سے انکوائری کمیشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد اور خودمختار کمیشن عمران خان کے سازش کے بیانیہ کی تحقیقات کرے گا، عمران خان بیرون ملک سازش کا نہیں بلکہ گوگی کو بچانے کا رونا رو رہے ہیں، ان کی تمام الزام تراشیاں گوگی بچائو تحریک کا حصہ ہیں، عمران خان کے اتحادی جب انہیں چھوڑ کر گئے تو انہیں سازش نظر آنا شروع ہوگئی،اس سازشی ٹولے نے قومی خزانے اور توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا، کارٹلز اور مافیاز کے فائدہ کے لئے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، بجلی کے منصوبوں کو بند کیا، سی پیک کی رفتار کو سست کیا، خارجہ پالیسی کو فروخت کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، آج چار سال بعد عوام کو سستی چینی اور آٹا مل رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی کے لئے تین ہفتوں میں جو اقدامات اٹھائے وہ پچھلے چار سال میں نہیں اٹھائے گئے۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت اڑھائی ہفتوں سے صرف اس کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ جو معاشی تباہی، معاشی دہشت گردی اور معاشی بارودی سرنگیں عمران خان بچھا کر گئے تھے، اس کا بوجھ پاکستان کے عوام پر نہ پڑے۔ چار سال نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار کا بازا گرم تھا، ان تمام پالیسیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جن کی وجہ سے پاکستان کے عوام اس وقت مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال تک وزارت عظمیٰ کی کرسی پر مسلط شخص نے کارٹلز مافیاز کی سربراہی کی، اپنی نااہلی اور لوٹ مار سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، آج اقتدار کی کرسی سے اترنے کے بعد وہ صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں، اسے عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اڑھائی ہفتے گذر جانے کے بعد عمران خان صرف فرح گوگی بچائو تحریک کا ترجمان بنا ہوا ہے جبکہ کرائے کے ترجمان جو پہلے کہتے تھے کہ ہمارا فرح گوگی سے کوئی تعلق نہیں،آج صبح، دوپہر شام قطاروں کے ساتھ فرح گوگی کی ترجمانی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز صبح 9 بجے پہلا بیان فرح گوگی کی کرپشن بچائو تحریک کے حق میں آتا ہے، پھر ہر گھنٹے بعد فرح گوگی کی کرپشن کو بچانے کی تحریک کے حق میں بیانات آتے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن پر جھوٹے الزامات اور جھوٹے کیسز بنائے اور انہیں جیلوں میں ڈالا، پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی کی، چار سال تک وہ لوٹ مار کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے رہے، چینی، بجلی، گیس اور دوائیوں میں لوٹ مار کی اور اب وہ بیرون ملک سازش کی گردان لے کر بیٹھے جو درحقیقت گوگی بچائو تحریک ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 7 تاریخ کو خط اور 28 تاریخ کو کاغذ لہرایا جاتا ہے اور جو بیرون ملک سازش کر رہا تھا اسے 16 مارچ کو ایمبیسی میں اہم مقرر کے طور پر بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بیرونی سازش اس وقت یاد آئی جب ان کے اپنے اتحادی اور ممبران انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کی نمبر گیم ختم ہوئی تو انہوں نے کاغذ لہرا کر کہا کہ میرے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے۔

 وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کا شیڈول گوگی کو بچانے کے لئے دبائو ہے۔فرح گوگی کے ہاتھوں پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی، پاکستان کے عوام کو لوٹا گیا، جن افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے اس کی تفصیل بھی آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو بچانے کے لئے انہوں نے بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا، تماشا لگایا لیکن پاکستان کے عوام ان کے ڈرامے کو سمجھ چکی ہے کہ یہ تماشا صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کے لئے ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب یہ تماشا نہیں چلے گا، الزامات کی گردان بند ہونی چاہئے۔بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچا کر یہ لوگ اپنی نااہلی، نالائقی اور لوٹ مار کو چھپانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، پچھلے چار سال مافیاز اور کارٹلز کا راج تھا جنہوں نے غریب عوام کو لوٹا، ان کی روٹی چھینی، آٹا اور چینی چھینی، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نالائقی اور نااہلی کو بیرون ملک سازش کا لبادہ اڑا کر پاکستان کے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے بیرون سازش کے حوالے سے الزام تراشی پر ایک غیر جانبدار اور آزاد انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو اس سازش کا منصفانہ طریقے سے فیصلہ کرے گا اور اس کی تمام انکوائری پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فرح گوگی بچائو تحریک کے لئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، چار سال ملک پر مسلط ہو کر انہوں نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، کشمیر فروشی کی، مودی کے کمپین منیجر بنے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ الزام تراشیوں کے ذریعے صرف گوگی بچائو تحریک کے لئے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزاد انکوائری کمیشن منصفانہ طریقے سے اس تمام سازش کی تحقیقات کرے گا، ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ سازشی ٹولے نے عوام کو لوٹا، توشہ خانہ اور بیت المال کو لوٹا، وہ اب بچ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کابینہ کے اگلے اجلاس میں رکھے جائیں گے، کابینہ سے منظوری کے بعد اس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انکوائری رپورٹ پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سازش کا ڈھونگ اس لئے رچایا جا رہا ہے کہ 2018ء سے 2022ء تک 44 بینک اکائونٹس میں 84 کروڑ 70 لاکھ روپے کی رقم کی نشاندہی ہوئی ہے، سب سے زیادہ اکائونٹس پنجاب میں فرح گوگی کے نام پر کھولے گئے، 19 گاڑیاں، گوجرانوالہ اور رنگ روڈ پر 200 کنال کی خریدوفروخت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام استعمال کر کے القادر یونیورسٹی کھولی گئی جس کے ذریعے لوٹ مار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد عوام کے سامنے رکھی جائے گی جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق دور میں کشمیر فروشی ہوئی، پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا، دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، سی پیک کو معطل کیا گیا اور بجلی کے منصوبوں کو بند کیا گیا۔ انہوں نے سی این این کی 21 اکتوبر 2021ء کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایئر سپیس استعمال کا معاہدہ فائنل ہوا،اس وقت اسی ٹولے کی حکومت تھی، شیریں مزاری اور فواد چوہدری اپنے ہی دور کی رپورٹ کو ٹویٹ کر کے کہہ رہے ہیں کہ ہم شہباز شریف کو ایسے معاہدوں پر دستخط نہیں کرنے دیں گے، کم از کم انہیں اس رپورٹ کی تاریخ تو پڑھ لینی چاہئے جو ان کے اپنے دور کی رپورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کارٹلز اور مافیاز کی حکومت نہیں، اس وقت وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھا شخص دن رات عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے بچانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور بادشاہت میں بہت فرق ہوتا ہے، جمہوریت میں تین ہفتوں کے اندر آٹا، چینی اور گھی سستا ہوتا ہے جبکہ کارٹلز مافیاز، بادشاہت اور فاشزم میں چار سال ملک بدترین مہنگائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت ملک میں کارٹلز اور مافیاز کی حکومت ہو تو ملک میں عوام روٹی نہیں خرید سکتے، عمران خان نے اپنے دور میں پہلے چینی ایکسپورٹ کی، پھر امپورٹ کی اور پھر چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو مقرر کر دی، اس طرح انہوں نے ایک مخصوص مافیا کو فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری وزیراعظم جب وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھتا ہے تو وہ ملک میں آٹا، چینی اور دوائی سستی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں 27 پاور پلانٹس بند تھے، جب سستی ایل این جی مل رہی تھی اس وقت وہ اس لئے نہیں خریدی گئی کہ کارٹلز اور مافیاز کی جیبیں بھرنا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری وزیراعظم جب وزارت عظمیٰ سنبھالتا ہے تو اس نے 27 پاور پلانٹس کو بحال کیا، تین ہفتے کے اندر ایندھن کا بندوبست کیا، ملک کے اندر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی کوششیں کیں، تین ہفتے میں پاکستان کے عوام کو صرف ریلیف دینے کے بارے میں سوچا جبکہ عمران خان نے گوگی بچائو تحریک شروع کی۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے غریب عوام کو لوٹا، 60 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا، دو کروڑ عوام کو خط غربت سے نیچے دھکیلا، ملک میں کارٹلز اور مافیاز کو مسلط کیا، وزیراعلیٰ پنجاب پر فرح گوگی مسلط کی، نالائقی اور نااہلی کے باوجود بزدار کو پنجاب پر مسلط رکھا۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کے تمام رابطے سامنے آ رہے ہیں، وفاق میں شہزاد اکبر عمران خان کے بے نامی تھے جنہوں نے ایسٹ میکنگ یونٹ وزیراعظم ہائوس میں کھول رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان بریف کیس اٹھا کر اپنے بیرون ملک مفرور ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تین ہفتے میں پاکستان کے عوام نے سکون کا سانس لیا ہے۔ گزشتہ چار سالوں میں جو غلاظت، نفرت، انتشار، الزام تراشی اور فاشزم پھیلایا گیا، آج وہ گند صاف ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام اس لئے سکون کی نیند سوتے ہیں کہ ان کا جمہوری وزیراعظم رات کو جاگتا ہے، اسے عوام کی تکلیف کا اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں بند کئے ہوئے منصوبے آج دوبارہ کھل رہے ہیں، اسلام آباد میٹرو منصوبہ چار سال بند رہا، 2018ء میں صرف اس کا افتتاح ہونا تھا،تین تین چار چار ہزار روپے دے کر لوگ فیض آباداور پنڈی سے ایئر پورٹ جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹرو منصوبے کی بحالی سے لوگوں کو سہولت میسر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو اور ایئر پورٹ منصوبہ نواز شریف کے تحفے ہیں جو پاکستان کے عوام کو دیئے گئے۔

 انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے پانچ سالہ دور میں چینی کی قیمت نہیں بڑھائی۔ 2013ء سے 2018ء تک چینی کی قیمت 52 روپے کلو رہی، ہماری ترجیح عوام کو سستا آٹا، سستی چینی، سستا گھی، سستی دوائی، سستی بجلی اور سستی گیس دینا تھی جبکہ پچھلے چار سالوں میں مافیاز اور کارٹلز نے چینی، آٹا، گھی، دوائی، گیس اور بجلی مہنگی کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، آج یہ ٹولہ کہہ رہا ہے کہ معیشت نہیں چل رہی، اگر اج معیشت نہیں چل رہی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے اعداد و شمار کے مطابق 2018ء میں پاکستان کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس 100 میں سے 33 اور رینک 180 میں سے 117 تھا جو 2021ء میں عمران خان کی بے نامی فرح گوگی کی کرپشن، کارٹلز اور مافیاز کی وجہ سے کرپشن پرسیپشن انڈیکس 33 میں سے 28 اور رینک 117 سے 140 ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفیکیٹ ان چوروں کے لئے ہے جنہوں نے توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کیں، بیت المال کا مال فروخت کیا اور یہ کہتے ہیں کہ معیشت نہیں چل رہی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کارٹلز اور مافیاز نہیں، معیشت بھی چلے گی، لوگوں کو روزگار بھی ملے گا،منصوبے بھی چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو سستا آٹا، چینی، بجلی ، گیس اور دوائی بھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین ہفتے عوام کو ریلیف کی فراہمی پر ان کی چیخیں نکل گئی ہیں، انہیں گوگی بچائو تحریک اور شہباز شریف کی کارکردگی کا خوف ہے کہ تین ہفتے میں عوام کو اتنا کچھ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھروں کا جھوٹ بولا۔انہوں نے کہا کہ اگر بنی گالا کا گھر ریگولرائز ہو سکتا ہے تو عوام کو 50 لاکھ گھر کیوں نہیں مل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 90 روز میں کرپشن ختم کرنے والے آج گوگی بچائو تحریک اور ایسٹ میکنگ یونٹس کو بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز روزانہ کی بنیاد پر نیب اور ایف آئی اے کی تمام پیشیاں بھگتتے رہے لیکن یہ ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی عدالتوں سے بھی انہیں طمانچے پڑے، پاکستان کی عدالتوں میں متعدد ریفرنس جمع کروائے گئے، ہر عدالت میں انہوں نے جھوٹ بولا، کسی کورٹ میں یہ ثبوت پیش نہیں کر سکے اور دوسروں پر الزامات لگاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال تک عمران خان حکومت میں رہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ آج تین ہفتے گذر جانے کے بعد فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی کرپشن پاکستان کے عوام کے سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب الزامات سے بات نہیں چلے گی۔

 انہوں نے چار سال صرف الزامات لگائے اور اب عوام پوچھتی ہےکہ چار سالوں میں الزامات پر کارروائی کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جن پالیسیوں اور قوانین کے تحت فرح گوگی جیل جائے گی ان کو ان پالیسیوں اور قوانین سے مسئلہ ہے، فرح گوگی کے بیان کے بعد جب یہ خود جیل جائیں گے تو ان کو ان قوانین سے مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سازش کے حوالے سے انکوائری کمیشن قائم کر دیا ہے، اب ان کے پاس یہ بیانیہ بھی نہیں رہے گا، کیونکہ پاکستان کے عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کی خاطر مافیاز، کارٹلز اور سازشی ٹولے کے خلاف کھڑی ہو چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں ایسی حکومت ہے جو اظہار رائے کی آزادی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور اس حق کے لئے میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کے سامنے صرف وہ حقائق لائیں گے جن کے الزامات نہیں بلکہ ثبوت موجود ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرح گوگی عمران خان کی بے نامی تھیں، انہوں نے جو لوٹ مار اور کرپشن کی وہ عوام کے سامنے لائی جا رہی ہے۔جن کارٹلز اور مافیاز نے گیس، بجلی، پٹرول کے شعبوں میں لوٹ مار کی، وہ تمام لوگ قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے۔

 ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی کرپشن، نالائقی، نااہلی، چوری اور لوٹ مار کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ سیاسی یتیم بننا چاہتے ہیں، ایک نالائق، نااہل، چور سیاسی یتیم نہیں بن سکتا، وہ پاکستان کے عوام کا مجرم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی ذاتیات پر سیاست نہیں کی، یہ اللہ اور ان کے درمیان معاملہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام چیزیں جن سے عوام کو نقصان پہنچا ہے، وہ پاکستان کے عوام کے سامنے لائیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سازش کا ڈھونگ اور جھوٹ پر انکوائری کمیشن قائم کر دیا ہے، اس کی رپورٹ پبلک کی جائے گی۔ اس کمیشن کے قواعد و ضوابط کی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جس کے بعد اس کا سربراہ کا اعلان کیا جائے گا۔

 ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے لئے سپیکر قومی اسمبلی نے تمام جماعتوں سے نام مانگ لئے ہیں، عید کی تعطیلات کے بعد ان ناموں کا پراسیس مکمل ہو جائے گا۔ جمعہ تک اس کی ڈیڈ لائن ہے، اس کے بعد انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی اپنا کام شروع کر دے گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کمیشن کو نہیں مانیں گے، وہ صرف ایک ہی کمیشن مانیں گے جو فرح گوگی کو بچا سکے۔