خیرپور،13مئی(اے پی پی): ضلع بھر میں بلدیاتی انتخابات 26 جون کو ہونگے۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔
ڈی آر او سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قانون کے مطابق بھاری ذمہ داری عائد کی گئی ہے جس کے لیے تمام محکمے اور ادارے مکمل تعاون کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اسٹاف کی فہرستیں کل صبح 12 بجے تک ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس خیرپور میں جمع کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ معذور، سرکاری اور غیر سرکاری ملازمین کو فہرستوں میں شامل نہیں کیا جائے، ڈپٹی کمشنر آفس خیرپور میں قائم الیکشن سیل میں تمام محکموں کے فوکل پرسن مقرر ہونگے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع بھر میں 11 ہزار پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہے جن کو 880 پولنگ اسٹیشنوں پر مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ اسٹاف اور افسران کی مکمل فہرستیں سافٹ اور ہارڈ کاپیز جمع کرائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے 15 روز قبل اسٹاف مقرر کرنے کے عمل کومکمل کرنا ہے جس کے بعد تمام مقرر اسٹاف کی ایک روزہ ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ تمام محکمے فہرستوں کے ساتھ اپنے محکمے کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام اسٹاف کے نام، عہدہ، موبائل نمبر فہرستوں کو ضرور شامل کیا جائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین جنڈران سمیت ہائی وے، تعلیم، صحت، آبپاشی، بنکوں، جنگلات، زرعی بنک سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔