صدر مملکت ممنون حسین سے بلوچستان کے وکلا کی ملاقات

451

اسلام آباد اپریل 12 (اے پی پی ): صدر مملکت ممنون حسین نےبلوچستان سے تعلق رکھنے والےایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے طلبہ کو خصوصی اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے زیر اہتمام ہر سال بیس طلبہ کووظائف دیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کوبیرون ملک پی ایچ ڈی کے لیے وظائف بھی دیےجائیں گے۔

صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ینگ لائرز بلوچستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ جنھوں نے احمر بلال صوفی کی قیادت میں  ملاقات کی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی دیکر ملک کے باقی حصوں کے برابر لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں بلوچستان کےلوگوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دی جائیں گی۔گوادر میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کےلیے منصوبوں پر کام جاری ہے۔بلوچستان کے نوجوانوں کو چینی زبان سکھانےکے لیے نمل جلد گوادر میں کیمپس قائم کرےگی۔انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے نمل کے کیمپس کے قیام کے لیےایوان صدر نے خطیر فراہم کی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل تابناک ہے ، یہ صوبہ  بہت ترقی کرے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری بلوچستان کا بنیادی حصہ ہے اس کا سب سے زیادہ فائدہ بھی بلوچستان کو ہوگا  اور ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔  انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے نوجوان قائدانہ کردار ادا کریں ۔صدر مملکت نے سینئر وکلا کی شہادت پرانھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلانوجوان وکلا اپنے جوش و جذبہ سے پورا کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیمی شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی کی وجہ بلوچستان سمیت پورے ملک کو نقصان پہنچا لیکن اب پوری قومی اس لعنت سے چھٹکارے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔انھوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک میں بدعنوانی کے راستے بند کر دیےگئے، اس کے بعد اب چاہے کوئی بھی ہو قومی ترقی کا راستہ  نہیں روکا جا سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والا ہر فرد گرفت میں آئے  گا ۔ انھوں نے کہا کہ قوم کا ہر فرد اپنی قومی ذمہ داری پورے کرےتو ملک کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اچھی اخلاقی اقدار کو پوری محنت سے دوبارہ رائج کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری عدل وانصاف کا اہم جزو ہے ۔ وکلا برادری  عام آدمی کو سستا اور جلد انصاف پہنچانے کے لیے اپنا کردار اد ا کرے۔ صدر مملکت نے وکلا اور قانونی برادری کا بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

صدر مملکت نے احمر بلال صوفی  اور ریسرچ سوسائٹی  آ ف انٹرنیشنل لا (آر ایس آئی ایل)  کی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکلا کی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور توقع کا اظہار کیا کہ نوجوان وکلا برادری  اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے گی۔ احمر بلال صوفی نے اس موقع پر صدر مملکت کو فیلو شپ پروگرام کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  بلوچستا ن سے  اس مرتبہ تیس  نوجوان وکلا دوسر ے  فیلوشپ پروگرام میں شامل ہوئے ہیں جن میں دس  خواتین اور بیس مرد شامل ہیں  جن کا تعلق بلوچستا ن  کے دور دراز علاقوں سے ہے۔ اے پی پی حمزہ/وی این ایس اسلام آباد