لاہور،16مئی ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیشل برانچ کی مدد سے ذخیرہ شدہ گندم کو بر آمد کر کے محکمہ خوراک کے حوالے کیا جائے۔افسران گندم اور کھاد کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھیں عوام کی فلاح و بہبود سرکاری افسران کا فرض ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ عوامی فلاح کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اضلاع دورے شروع کئے ہیں، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض متحرک انداز میں سر انجام دیں، صرف نوٹیفائڈ افسر ہی پرائس چیکنگ کا مجاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے سٹوروں پر ڈی سی کاؤنٹرز، ریڑھی بازاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے ہیڈ بلوکی کے مقام پرکشتی حادثہ میں چار بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور ڈپٹی کمشنرز کو اپنے علاقوں میں کشتی ڈوبنے، سلنڈر پھٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہیٹ ویو کے باعث صحت سے متعلق حادثات سے بچاؤ کیلئے بازاروں میں بھی ابتدائی ریسپانس سینٹر قائم کئے جائیں۔تمام ڈویژنل کمشنرز پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائی۔
صنعت، زراعت، خوراک، لائیو سٹاک کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔