کوہاٹ سے افغانستان تک صدہ اور پاراچنار موٹر وے کی تعمیر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے؛ میر افضل خان طوری

12

پاراچنار،02 جون (اے پی پی ):  پاک یوتھ موومنٹ کے رہنما میر افضل خان طوری نے کہا ہے کہ کوہاٹ سے افغانستان تک صدہ اور پاراچنار موٹر وے کی تعمیر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور بلاتاخیر اس انٹرنیشنل روٹ کو سی پیک میں شامل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو یہاں   نوجوانان صدہ کے رہنما امجد بنگش نوید بنگش ، ضیاء الرحمان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سے افغانستان تک انٹرنیشنل روٹ جس پر باقاعدگی سے افغانستان کیساتھ تجارت ہورہی ہے اس روٹ کو سی پیک میں شامل کیا جائے اور کوہاٹ سے براستہ صدہ پاراچنار موٹر وے تعمیر کی جائے۔

 رہنماؤں نے کہا کہ خراب سڑک کی وجہ سے نہ صرف شہری ذہنی کوفت کا شکار ہیں بلکہ ساتھ ساتھ افغانستان کے ساتھ تجارت بھی بری طرح متاثر ہے۔انہوں نے کہا کہ صدہ پاراچنار کا راستہ کابل کا قریب ترین راستہ ہے اس لئے بلاتاخیر موٹر وے تعمیر کرکے سی پیک میں شامل کیا جائے۔

 رہنماؤں نے ضلع کرم کی تیز ترقی کیلئے سنٹرل اور اپر کرم کے نوجوانوں نے مشترکہ جدو جہد کا بھی اعلان کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ضلع کرم میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں متعلقہ ادارے اور کنٹریکٹر معیار پر بھرپور توجہ دیں، غیر معیاری تعمیر کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔