کیمیائی کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ زاہد پرویز

14

 اوکاڑہ،02جون( اے پی پی):  ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ کیمیائی کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے، محکمہ زراعت ضلع میں یوریا کھاد ،ڈی اے پی کھاد سمیت کیمیائی کھادوں کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی پر نظر رکھیں اور غیر قانونی طور پر کیمیائی کھادیں فروخت کرنے اور مہنگے نرخوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں ،ضلع میں کیمیائی کھادوں کی ڈیلروں کو کمپنیوں کی جانب سے فراہمی کی صورت حال پر بھی نظر رکھی جائے۔

 ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ضلع میں کیمیائی کھادوں کی صورت حال اور پنجاب حکومت کی جانب سے نئے مقررکردہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت توسیع چوہدری شہباز اختر نے ضلع میں کیمیائی کھادوں کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی صورت حال ،کمپنیوں کی جانب سے ڈیلروں کو کھاد کی فراہمی اور ضلع میں گرانفروشوں کے خلاف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔

 ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یوریا کھاد سمیت جن کیمیائی کھادوں پر پالیسی وضع کی ہے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، یوریا کھاد عام مارکیٹ میں 1ہزار 8سو پچاس روپے میں دستیاب ہونی چاہیے اور کسانوں کو یوریا کھاد خریدنے کے ساتھ ڈی اے پی کھاد خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے، کسانوں کو جس کھاد کی ضرورت ہو ڈیلرز انہیں وہی کھاد فراہم کریں اور تمام ڈیلرحضرات اپنی اپنی دکانوں پر پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلر حضرات روزانہ کی بنیاد پر آنے والے سٹاک کا ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھیں اور جن کسانوں کو کھاد فروخت کی جائے ان کا ڈیٹا بھی روزانہ کی بنیاد پر مرتب کیا جائے ۔