اسلام آباد،6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یورپی یونین کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین نے ہمیشہ پاکستان کے لوگوں کی فلاح اور نظام کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پیر کو یہاں پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے قائم مقام ناظم الامور تھامس سیلر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیربحث آئے۔
وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ مضبوط سماجی اور سیاسی تعلقات ہیں، یورپی یونین نے ہمیشہ پاکستان کے لوگوں کی فلاح اور نظام کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تھامس سیلر نے پاکستان میں انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کیلئے ہونے والی قانون سازی کو سراہا۔ وزیر قانون نے منصفانہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ایک مضبوط نظام انصاف کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بار کی سطح پر نوجوان وکلاء کی مسلسل جاری تربیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
تھامس سیلر نے بار لیول پر نوجوان وکلاء کی تربیت کے حوالے سے یورپی یونین کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں باہمی تعاون سے سینٹر فار ایکسیلینس قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سینٹر فار ایکسیلینس میں نوجوان وکلاء کو ٹیکنیکل اور پروفیشنل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں یہ پہلا پائلٹ پراجیکٹ ہوگا جو بعدازاں خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور دوردراز علاقوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔