ملتان؛ قاسم ہال نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں کامن روم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل۔ وائس چانسلر نے افتتاح کردیا

17

ملتان، 10 جون (اے پی پی):  نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے بوائز ہاسٹل “قاسم ہال” میں کامن روم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر دیا گیا ہے اور اس کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے کیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف  نے ٹیبل ٹینس، کیرم بورڈ اور شطرنج کے مقابلوں میں عملی طور پر حصہ بھی لیا جسے طلبہ کی جانب سے بہت سراہا گیا۔

تقریب میں اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا کہنا تھا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ میں جہاں ان میں خوداعتمادی پیدا کرتی ہیں وہاں ان میں مقابلہ کرنے اور جیتنے کا جذبہ بھی پیدا کرتی ہیں۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں اپنی جانب سے مختلف سٹوڈنٹس سوسائٹیوں کو متحرک کرنے کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی جانب سے کامن روم کی تزئین و آرائش میں مالی معاونت اور ہاسٹل سے متعلقہ دیگر امورز میں ان کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ نے بھی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی کاوشوں کو سراہا۔