کسانوں کو زمین کے ریکارڈ کے مطابق محکمہ زراعت کھاد 1850 روپے میں فراہم کرے گا ،ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا

8

 

رحیم یار خان،14جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے میانوالی قریشیاں اور راجن پور کلاں کھاد سیل سنٹرز کا دورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر نے کسانوں کی سہولت کے لئے یوسی سطح پر کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا ۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کی سہولت کے پیش نظر کھاد حصول کے لئے فرد کی شرط ختم کر دی، کسان کھاد کے حصول کے لئے اپنے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ کھاد سنٹرز پر تشریف لائے ،کھاد سنٹرز پر موجود محکمہ مال کا عملہ شناختی کارڈ سے کسان کی ملکیتی زمین کا ریکارڈ چیک کرے گا،کسانوں کو زمین کے ریکارڈ کے مطابق محکمہ زراعت کھاد 1850 روپے میں فراہم کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پہلے کسانوں کو حصول فرد کے لئے پیسے اور وقت کے ضیاع کی تکلیف برداشت کرنا پڑتی تھی ،حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع کے 33 کھاد سنٹرز پر محکمہ مال کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے ،کسان کسی بھی پریشانی کی صورت میں کھاد سنٹرز پر آویزاں شکایات نمبرز پر رابطہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین سمیت دیگر حکام بھی ہمراہ موجود تھے ۔