روڈ ٹو مکہ منصوبہ  سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولیات فراہم ہوں گی،مستقبل میں اس کا دائرہ کار ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا؛وزیراعظم   شہبازشریف

7

اسلام آباد،16جون  (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر سعودی قیادت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ،مستقبل میں اس کا دائرہ کار ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہبازشریف نے  سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی قیادت میں ”روڈ ٹو مکہ” پراجیکٹ ٹیم  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی  ۔ملاقات میں سعودی ڈیپارٹمنٹ آف دی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے  منصور شاہد ایس الطائیبی بھی موجود تھے۔

سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ  علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے تمام امور پر دونوں ممالک کا موقف مشترک ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک وقت کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

  وزیراعظم نے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے تحت ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔  انہوں نے کہاکہ ”روڈ ٹو مکہ” اقدام مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔

 سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔”روڈ ٹو مکہ” اقدام کا مقصد سعودی امیگریشن اور کسٹم سے متعلق رسمی کارروائیوں کو حج کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل مکمل کرنا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ سعودی  ٹیم ایسے عازمین کی مملکت روانگی سے قبل ان کی سہولت کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔