ملتان؛ مون سون کی  بارشوں کے پیش نظرشہری زندگی کی مشکلات کو کم کے لئے پیشگی انتظامات شروع

9

ملتان، 17جون (اے پی پی ):  مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظرشہری زندگی کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے پیشگی انتظامات شروع کردیے گئے ہیں اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بھی واسا کو سپورٹ فراہم کرنے کے لئے میدان میں آگئی ہے۔کمپنی ورکرز نے سڑکوں اور گلیوں سےشاپر اٹھانےکی خصوصی مہم شروع کردی  ہے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسئی میں رکاوٹ پیش نہ آئے،اس کے علاوہ بارش کےپانی کی نکاسی کےلئے شاہراہوں کے اطراف میں موجود کلورٹ کے ساتھ کوڑا اورکچرا اٹھانے کاکام بھی شروع کردیا گیا ہے اور اندرون شہر اوپن ڈرین کی صفائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

مہم کا جائزہ لینے کے لئے  سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے علی الصبح شہر کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ شاپر اور کچرا بارش کی صورت میں نکاسئی اب میں رکاوٹ بنتاہے، سڑکوں کے کلورٹ کے ساتھ صفائی سے بارش کے پانی کی نکاسی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے پانی کو گلیوں اور گھروں میں جانے سے روکنے کے لئے اوپن ڈرین کو صاف کیا جارہا ہے اور دہلی گیٹ،خونی برج اور اندرون شہر اوپن ڈرین کی ڈی سلٹنگ کی جارہی  ہے۔اس کے علاوہ بارش میں موٹر سائیکلوں کے پھسلنے کاباعث بننے والی مٹی ہٹانے کے لئے  ڈیوائیڈرز کی سکریپنگ کی جاری ہے۔

محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ کمپنی کی کوشش ہے کہ متوقع مون سون بارشوں کی وجہ سے شہری زندگی متاثر نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے لئے واسا اور پی ایچ اے کے ساتھ کھڑی ہے۔