فیصل آباد سے مجموعی طورپر 1588 مرد و خواتین حج کیلئے روانہ ہوں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور

12

 

فیصل آباد  20  جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پاکستان سے فریضہ حج کی سعادت کے حصول کیلئے حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام سعودیہ میں اپنے وطن کے سفیر ہیں جنہیں  مناسک حج کی ادائیگی کے دوران تمام ممکن اور سستی ترین سہولیات فراہم کریں گے۔پیر کو فیصل آبادآمد اور حاجی کیمپ سرگودھا روڈکے دورہ کے دوران عازمین حج سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد سے مجموعی طورپر 1588 مرد و خواتین اس دفعہ حج کیلئے روانہ ہوں گے جن میں سے 1167حاجی اسلام آباد ایئر پورٹ سے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی421 فرزندان توحید آج اسلام آباد ایئر پورٹ سے مکہ کیلئے عازم سفر ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام عازمین سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ وہاں پر اپنے کردار سے ثابت کریں کہ وہ ایک اچھے و با اصول اور قانون پر عمل کرنے والے پا کستانی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دفعہ پنجاب میں 5حاجی کیمپوں کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں پر حکومت کی طرف سے تمام حاجیوں کو بہترین سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہاں ان کے تربیتی سیشن و میڈیکل مکمل کئے گئے ہیں جہاں کورونا کی ویکسی نیشن بھی مکمل کروائی گئی ہے۔۔انہوں نے کہاکہ ان کی اور مولانا فضل الرحمن کی کوششوں سے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو سبسڈی پر آمادہ کیاگیا اور سعودی حکام سے اخراجات کے ضمن میں کمی کیلئے خود بات چیت کر کے 10لاکھ میں ہونے والا حج ساڑھے 6لاکھ میں منظور کروایا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ دنیا بھر سے اس دفعہ صرف پاکستان میں ہی سستا ترین حج ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حاجیوں کیلئے مکہ کے بالکل قریب ہی ہوٹلز بک کروائے اور سستے پیکیج کے تحت ہر حاجی کیلئے لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کم کروائے گئے۔انہوں نے کہاکہ حج پر دی جانیوالی سبسڈی جائز ہے کیونکہ حضور پاکؐ کے زمانہ میں بھی آپؐ نے سبسڈی دی تھی۔انہوں نے کہاکہ حج کے دوران وہ بھی سعودی عرب میں ہوں گے اور براہ راست تمام تر انتظامات کاجائزہ لیتے رہیں گے لہٰذااگر کسی حاجی کو کوئی شکائت ہو تو وہ براہ راست ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔