ملتان، 29 جون (اے پی پی ):چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر بچوں کے تحفظ اور ٹریفکنگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ، واک چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے چوک چونگی نمبر 9 پر کی گئی۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ترجمان نے کہا کہ آگاہی واک کی قیادت ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو شفاعت ظفر نے کی ۔چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ہیں ۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق آگاہی واک کا مقصد عوام الناس میں بچوں کے تحفظ، بچوں کی ٹریفکنگ کی روک تھام اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے حوالے سے شعور و آگاہی اجاگر کرنا ہے جبکہ معاشرے میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور بچوں پر تشدد کے واقعات اور جبری مشقت کا سد باب کیا جا سکے۔
آگاہی واک میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں،آفیسرز و سٹاف سمیت چائلڈ ٹریفکنگ آگاہی واک میں ٹریفک پولیس، پنجاب پولیس، این جی اوز،سماجی تنظیم، تاجر تنظیم،سول سوسائٹی اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔