ملتان، 29 جون( اےپی پی): شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں فیملی پلاننگ اور اسقاط حمل کے بعد کی ماں کی دیکھ بھال کے حوالے سے پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد جبکہ گیسٹ آف آنر سابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ایم ڈاکٹر سمیع اختر تھے۔ تقریب میں ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد نبیل سلیم، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی سربراہ شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ ورکشاپ میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قومی کمیٹی برائے زچگی اور نوزائیدہ صحت اور امان کے اشتراک سے منعقدہ اس اہم ورکشاپ میں کمیٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عذرا احسن اور پاکستان میں پوسٹ حمل فیملی پلاننگ پرجیکٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عالیہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈاکٹر مریم اقبال، ڈاکٹر مریم وقاص اور ڈاکٹر حمیرہ منصور نے بھی فیملی پلاننگ کے مختلف موضوعات پر لیکچر دیے۔ دریں اثنا وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے شعبہ امراض نسواں وارڈ 18 میں ایک سکلز لیب کا افتتاح بھی کیا۔ جس کا مقصد ڈاکٹرز اور شعبے سے وابستہ دیگر افراد کو فیملی پلاننگ کے طریقوں پر عملی تربیت دینا مقصود تھا ۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے اس موقع پر نیشنل سپیکرز اور پروگرام کوآرڈینیٹرز کا نشتر میڈیکل یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سکلز لیب کے قیام کے حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔