نارووال؛ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد

21

نارووال،01 جولائی( اے پی پی):حکومت پنجاب کےخصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرامتیازشاہدگوندل کی سربراہی میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنرسلمان احمدلون اوراسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹرارشد وٹو نے اپنی اپنی تحصیلوں میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزکی سطح پر تحصیل کمپلیکس میں بھی ریونیو خدمت کچہری کاانعقاد کیا گیا،جہاں پرڈپٹی کمشنرامتیازشاہدگوندل نے خدمت کچہری میں آنے والے مرد و خواتین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کے لئے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا سلسلہ احسن اندازسے جاری ہےجس  کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،خدمت کچہری میں آنے والے سائلان کی شکایات کاازالہ فوری طورپر ممکن بنایاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ خدمت کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہری و دیہی سطح پر لوگوں کے ریونیو معاملات سمیت ڈومیسائل کا فوری اجراء و دیگر امور کی انجام دہی کو بر وقت یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ ریونیوخدمت کے علاوہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت بھی اسسٹنٹ کمشنرز آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں لوگوں کی شکایات سنے جارہے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جویریہ مقبول،اسسٹنٹ کمشنرسلمان احمدلون،انچارج سروس سنٹر، اے ڈی ایل ار،تحصیلدار محمد ارشد، شہزادانور،محمدافضل شاہدودیگر اس موقع پر موجود تھے۔