لاہور،3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہےکہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے فعال رکھیں اورعوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں،عوام کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مویشی خریداری کے مراکز قائم کیے جائیں جن میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جائیں۔
یہ ہدایات وزیر اعظم نے اتوار کو یہاں عید الاضحی کی تیاری اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسن، چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب پولیس ، کمشنر لاہور ، صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں عید الاضحی کے دوران صفائی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے فعال رکھیں اورعوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مویشی خریداری کے مراکز قائم کیے جائیں جن میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جائیں تاکہ کورونا اور ڈینگی جیسی وباؤں سے بچا جا سکے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ بکرا منڈیوں تک عوام کی سہولت کے لیے شٹل سروس چلاتی جاۓ۔انہوں نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں کورونا حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔