الائشوں اور فضلے کو بروقت ٹھکانے لگانے، صفائی کے بہترین انتظامات پر اوکاڑہ انتظامیہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے؛کمشنر سلوت سعید

23

رینالہ خورد،12جولائی(اےپی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ریجن بھر کے سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین عید کی چھٹیوں میں فیلڈ میں موجود رہے، قربانی کی جانوروں کی الائشوں اور فضلے کو بروقت ٹھکانے لگانے سمیت صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا جس کے لیے اوکاڑہ انتظامیہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن کے مرکزی کنٹرول روم کا سرپرائز دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے کنٹرول روم میں درج شکایات کے نمبرز پر خود کالز کر کے ان کی شکایات کے بروقت حل ہونے کی خود تصدیق کی اور ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی کو خوب سراہا۔

 کمشنر سلوت سعید نے ضلع بھر میں بہترین انتظامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالدسنپال، چیف آفیسر عمر نسیم، طارق کمیانہ، میاں شفیق ،خالد ناز کی کارکردگی کو بھی سراہا جبکہ انہوں نے مرکزی کنٹرول روم کے باہر پی اے ایڈمنسٹریٹر شاہد جمیل کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام دیا اور مجموعی طور پر میونسپل کارپوریشن افسران اور عملہ کی تعریف کی۔ کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ محنت لگن سے کام کرنے والے سرکاری محکموں کی ملازمین اور افسران محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

 ڈی سی زاہد پرویز وڑائچ نے کمشنر سلوت سعید کو بتایا کہ عید کے دنوں میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے افسران اور ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جہاں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو سر ٹیفکیٹ اور شیلڈز سے نوازا جائے گا۔

 کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے آئندہ محرم الحرام میں بھی اس لگن سے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔