عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملکی مفاد داؤ پر لگایا؛ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان

21

اسلام آباد، 14جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ   سابق ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کا فیصلہ ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے ، عدالت عظمی کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت نے   سابق وزیراعظم ،  سپیکر، ڈپٹی سپیکر اوروزیر قانون کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت   ریفرنس بھیجنے کے عمل پرکام شروع کر دیا ہے ، عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملکی مفاد داؤ پر لگایا۔

وہ جمعرات کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر داخلہ  نے کہا کہ   عدالتی فیصلے کے بعد  عمرا ن خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے ،عمران خان   گٹھیا سے گٹھیا سطح پر جا کر بھی اپنے مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نقصان   پہنچا سکتا ہے  ،میری رائے ہے کہ آرٹیکل 6 کے ساتھ ساتھ  سپیکر قومی اسمبلی بھی عمران خان سمیت پی ٹی آئی والوں کے خلاف نااہلی ریفرنس بھجوائیں ۔

وزیر داخلہ  نے کہا کہ  سابق ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کا فیصلہ ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے ،ایسے فیصلے قوموں کی سمت کا تعین کرتے ہیں ، اس فیصلے نے آج پاکستان میں آئین کی حکمرانی ،عوام کے حق حاکمیت پر مہر ثبت کی ہے، اس بات کا بھی تعین کیا ہے کہ آئین میں جو بھی اختیارات ہیں وہ پاکستان کے عوام کی مقدس امانت ہے ، اس کو  منتخب اراکین کےذریعے بروئے کار لایاجاسکتا ہے ، ایسا عمل جو اس مقدس امانت کے استعمال میں خیانت کے مترادف ہو اس کی سزا کیا ہے اور اس طرح قابل مواخذہ ہیں ، یہ سب کچھ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں احسن طریقے سے بیان ہے، فیصلے کے اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ  سابق حکومت کے اہم لوگوں نے آئین کی صریحا ًخلاف ورزی کی ہے۔