ہرنائی،20 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت سے مل کر عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے۔ ڈیوٹی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ہرنائی نثار احمد مستوئی نے رورل ہیلتھ سنٹر شاہرگ ودیگر کا اچانک دورہ کرنے کے موقع پرکیا۔
ڈپٹی کمشنر نثار احمد مستوئی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مسعود خان ترین کے ہمراہ سول ڈسپنسری ناکس اور رورل ہیلتھ سینٹر شاہرگ کا دورہ کیا اس موقع پر پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر داؤد خان کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سول ڈسپنسری ناکس اور آر ایچ سی شاہرگ کے مختلف شعبوں میڈیسن سٹور ۔ای ۔پی ۔آئی ۔او۔پی ۔ڈی کا معائنہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے صحت کا شعبہ خدمت خلق کا شعبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹاف عوام سے خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آئے اور اپنے فرائض تندہی سے ادا کریں اورکہا کہ ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کرینگے۔