پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں کمی سے امپورٹ بل میں کمی آئے گی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم کی اسلام آباد میں نیوز کانفرنس

14

اسلام آباد۔21جولائی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نےجمعرات کو یہاں وفاقی وزیر  برائے بجلی خرم دستگیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب  کے دوران  کہا کہ  پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں کمی سے امپورٹ بل میں کمی آئے گی۔

 انہوں نے کہاکہ وزارت پٹرولیم نے بھی ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی وافر اور بلا تعطل ترسیل کویقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں ، درآمدات اور برآمدات  میں عدم توازن کی وجہ سے روپے کی قدر متاثر ہوتی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر تیل کے درآمدی بل میں خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جون کے مقابلے میں رواں سال جون میں  پٹرول کی فروخت میں 9فیصد  کمی آئی ، جون 2021میں 7لاکھ 78ہزار میٹرک ٹن پٹرول فروخت کیا گیا تھا ، رواں سال جون میں پٹرول کی فروخت 7لاکھ 40ہزار میٹرک ٹن رہی ہے ، اسی طرح پٹرول جو مسافر گاڑیوں اور زرعی شعبے میں زیادہ استعمال ہوتا ہے اس کے درآمدی بل میں بھی کمی آئی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سال جون میں 7لاکھ 89ہزار میٹرک ٹن ڈیزل فروخت ہوا تھا ، رواں سال جون میں ڈیزل کی فروخت 7لاکھ 12ہزار میٹرک ٹن رہی ، تیل کے درآمدی بل میں کمی سے روپیہ مستحکم ہو گا اور پٹرولیم کے شعبے میں بھی استحکام آئے گا، جولائی کے اعداد و شماراس سے بھی بہتر ہوں گے۔