سکھر،21جولائی(اے پی پی): آئی جی موٹر وے خالد محمود اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ فدا حسین مستوئی کی خصوصی ہدایت کے بعد پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر کے مختلف علاقوں میں ایس پی موٹر وے زاہد نذیر کی زیر نگرانی روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے بریفنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔جس کا مقصد ایسے موٹر سائکل سواروں جو کے دوران سفر ہیلمٹ اور سائیڈ شیشے اِستعمال نہیں کرتے ہیں ان کو ممکنہ روڈ حادثات سے بچاؤ ، ٹریفک قوانین،ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کی اہمیت کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔
اس حوالے سے ایس پی موٹر وے سکھر زاہد نے کہا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان کی شاہراہوں، چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی دی جارہی ہے، خصوصاً نیشنل ہائی وے پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور شیشے آویزاں نہ کرنے والے افراد کے خلاف 25جولائی سے سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ روڈ حادثات میں موٹر سائیکل چلانے والے افراد کے حادثات زیادہ ہوتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ بے احتیاطی سے موٹر سائیکل چلانا، ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا اور موٹر سائیکل پر شیشوں کا آویزاں نہ ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان میں روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے نو مور ایکسیڈنٹ اور نو موروائلیشن کیمپئن کے تحت موٹروے پولیس روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، آئی جی موٹر وے کی خصوصی ہدایت پر مختلف علاقوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے بھی پروگراموں کا انعقاد کرہی ہے، تاکہ لوگوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ سے متعلق مفید مشورے اور معلومات فراہم کرکے روڈ حادثات سے بچایا جاسکے۔