خیرپور،21جولائی(اے پی پی): عالمی یوم آبادی کے موقع پر محکمہ بہبود آبادی خیرپور کی جانب سے شعور کی بیداری کے لیے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر طارق اعظم لاڑک نے کی واک میں آٹھوں تعلقوں کے افسران، عملے سمیت لیڈی ہیلتھ ورکرز اور کے ایم سی اسپتال خیرپور کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خیرپور میڈیکل کالج اسپتال کے آڈیٹوریم میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسیف اللہ ابڑو نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے سبب ملی ترقی، بہترتعلیم، روزگار اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی جیسے مسائل سامنے آرہے ہیں جو دنیا بھر میں بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانوں میں ریسورسز کم ہیں، سیمینار کا مقصدعوام میں شعور بیدار کرنا ہے تاکہ بہتر سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیداہو۔انہوں نے کہا کہ برصغیر میں غلط رسموں اور غلط سوچ کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں، ہیومن ڈولپمنٹ کے توسط سے ملکی ترقی کی جاسکتی ہے، دنیا بھر میں آبادی کا تناسب1.5 ہے برتھ اسپیسنگ کے فارمولے پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
سیمینار سے کے ایم سی کی وائس پرنسپل ڈاکٹر کلثوم آزاد لاشاری نے کہا کہ ایک بہتر ماں بہتر معاشرے کو جنم دیتی ہے جس کے لیے اولاد کی پیدائش میں منصوبہ بندی ضروری ہے، آبادی پر کنٹرول ہوگا تو ریسورسز میں اضافہ ممکن ہوسکے گا، 70 سالوں میں آباد بڑھی ہے، سہولیات میں اضافہ کم ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر طارق اعظم لاڑک نے خطاب میں کہا کہ آج کے دن شعور کی بیداری کے حوالے سے محکمہ کی جانب سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے افسران اور عملہ منصوبہ بندی سمیت آبادی پر کنٹرول کرنے لیے میکنزم پر عمل درآمد کررہے ہیں۔
سیمینار سے ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، ڈاکٹرزبیدہ عباسی، ڈاکٹر سمیہ ناز، ڈاکٹر مبارک بانو، محمد انور پھلپوٹو سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سید سکندر علی شاہ، سید حسنین رضا شاہ، سید نقی علی شاہ، سید موسیٰ رضا شاہ، میر واجد علی ٹالپور سمیت 100 سے زائد ورکروں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔