نوشہرو فیروز؛ ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت   اجلاس ،  محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے،  صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا

21

نوشہرو فیروز،21 جولائی( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت  عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے اور روشنی ،صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے  کے لئے  اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر  کہا کہ  شہادت امام حسین علیہ السلام سے ہمیں صبر  کا سبق ملتا ہے،  ہم سب کو محرم الحرام کے عشرے کے دوران صبرو استقامت  کا مظاہرہ کرنا چاہیے، محرم الحرام کے عشرے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام  اپنے اپنے طریقے سے عبادت کرتے ہیں لیکن کسی کو شر انگیزی پھیلانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور ماتمی جلوس لازمی طور پر اپنے روٹ اور وقت کی پابندی کریں، کسی بھی فقہ کو کوئی نیا روٹ جاری نہیں کیا جائے گا اور محکمہ داخلہ سند ھ کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سی عمل درآمد کرایا جائے گا ، تمام مجالس اور ماتمی جلوس اپنے اپنے اوقات کے دوران ختم کئے جائیں اور کسی بھی جماعت کو اپنے روٹ کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوس کی روٹ پر صفائی ستھرائی اور روشنی کا انتظام کریں۔

ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور  ماتمی جلوس  کے روٹ کا معائنہ کریں، روٹ پر صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کرائیں اور ماتمی جلوس کے راستوں پر بارش کے پانی کی نکاسی کو لازمی بنائیں۔ انہوں نے سیپکو کو افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے عشرے کےدوران مجالس  کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کریں اور کوشش کریں کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ماتمی جلوس کے دوران میڈیکل ٹیمیں تشکیل دیں اور وہاں پیرامیڈیکل عملہ اور ادویات کی فراہمی کے انتظامات کریں۔انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران تمام مجالس، ماتمی جلوس اور اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کریں نوشہروفیروز ضلع پر امن ضلع ہے اور اس سال بھی گزشتہ سالوں کی طرح امن وامان سے عشرہ محرم گز ر جائے گا۔

 اس موقع پر  سید نوید علی شاہ، سید زاہد شاہ بخاری، مولوی عبدالرحمن ڈنگراج، مفتی حماد اللہ شاہ اور دیگر علمائے کرام نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں اور انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔