اسلام آباد، 28جولائی(اے پی پی ): وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے جدید ترین گرین اور بلیو لائنز بس سروس کا افتتاح رواں ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کیا اور ساتھ ہی ایک ماہ تک مفت سروس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کی خاص بات ان کا روٹ میپ ہے، جو اسلام آباد کے ان علاقوں پر مشتمل ہے جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان پہلے سے چلنے والی میٹرو بس سروس نہیں ہے۔
گرین لائن میٹروبس سروس بہارہ کہو سے پمز ہسپتال تک 15.5 کلو میٹر پر محیط ہے اور اس روٹ پر 8 اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جبکہ بلیو لائن میٹروبس سروس کورال سے پمز ہسپتال تک 20 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی اور اس روٹ پر 13 مسافر اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔۔
اسلام آباد میں واقع پمز ہسپتال تک آنے والوں کیلئے یہ بس ایکسپریس ہائی وے، گلبرک گرینز سے کورال چوک، کھنہ پل، ڈھوک کالا خان، فیض آباد کے بعد بلیو ایریاسے گزرتے ہوئے پمز ہسپتال پہنچتی ہے جبکہ بہارہ کہو سے پمز تک چلنے والے اسلام آباد گرین لائن بس سروس بارہ کہو سے براستہ آبپارہ اور سیونتھ ایونیو، زیرو پوائنٹ سے گزرتے ہوئے پمز ہسپتال پہنچتی ہے۔
گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگ سفری سہولت سے فیض یاب ہونے والے ہیں، گرین لائن اور بلیو لائن میں عوام ایک ماہ تک مفت سفر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والے لوگوں کے شکر گزار ہیں تاہم 4 سال کی تاخیر پر قوم جواب مانگتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے کو ماضی کی تاخیر اور کوتاہیوں کا ازالہ کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گرین لائن بس سروس بہارہ کہو سے پمز جبکہ بلیو لائن کورال سے پمز کے درمیان چلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹرز اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس عوامی پبلک ٹرانسپورٹ سے مستفید ہوں گے۔
اے پی پی /سحر/حامد