ملتان، 29جولائی(اے پی پی ):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب عمران سکندر نے جمعہ کو یہاں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سی ای او امیر حسن نے بریفنگ دی ۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عمران سکندر نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر کی ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی مزید موثر بنانی چاہتی ہے ، ویسٹ منیجمنٹ کمپنیاں مالی خود انحصاری حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سی ویسٹ ری سائیکلنگ پلانٹ نصب کرنے کا پلان تیار کرے، ساہیوال میں لگائے گئے ری سائیکلنگ پلانٹ کی مکمل سٹڈی کرنے کے بعد منصوبہ تیار کیا جائے جبکہ جدید تقاضوں کے پیش نظر ایم ڈبلیو ایم سی تمام شعبوں میں پیپر لیس سسٹم رائج کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی میں انٹر پرائزز ریسورس پلاننگ کا سافٹ وئیر لانچ کیا جائے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ کمپنی میں میپنگ کے لئے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم لاگو کیا جائے ، جیوگرافک سسٹم سے پارکنگ یارڈ،فیول پمپ،ورکشاپ،روٹ اور لینڈ فل سائیٹ کی میپنگ ہوسکے گی جبکہ نئی لینڈ فل سائیٹ کی خریداری کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کو شہر میں ویسٹ کی اوپن ڈمپنگ کی اجازت نہ دی جائے۔
عمران سکندر نے کہا کہ پرائیویٹ ہاوسنگ کالونیوں کے ساتھ ویسٹ کلکشن کنٹریکٹ کے لئے کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا جائے اور شہری علاقوں میں ویسٹ ڈمپنگ کے تدارک کے لئے ایم ڈبلیو ایم سی کنٹونمنٹ بورڈ سے مربوط رابطہ قائم کرے۔انہوں نے کمپنی کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی اور کمپنی کی اپ ٹو ڈیٹ ڈاکومنٹیشن پر اتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیر حسن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 268 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے ، تھرڈ پارٹی کے ذریعے 491 نئے ورکرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جبکہ کمپنی کے ورکرز کی کل تعداد2273 ہے،747 ورکرز کی کمی کا سامنا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کمپنی کے پاس پرائمری کلیکشن کی 114،سیکنڈری کی21گاڑیاں اور88 لوڈر رکشے ہیں اور کہا ویسٹ ڈمپنگ کے لئے سائنٹیفک لینڈ فل سائیٹ کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں کمپنی سیکرٹری کبیرخان اور چیف فنانشیل آفیسر آصف طاہر نے شرکت کی اور کمپنی منیجرز ساجدریاض ، عقیل احمد،آصف شبیر ،منیجرز انوارالحق، عمران خان اور حسن امجد بھی شریک ہوئے۔