منی لانڈرنگ کرنے والے کے ضامن کا صادق اور امین ہونا ممکن نہیں؛ وزیرمملکت   مصدق ملک  

9

اسلام آباد،30جولائی  (اے پی پی): وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک  نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کرنے والے کے ضامن کا صادق اور امین ہونا ممکن نہیں،امریکی عدالت سے سزا کا عندیہ پانے والے عارف نقوی کے عمران خان سے دیرینہ تعلقات تھے۔

 وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے  ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل ٹائم نے عارف نقوی کی منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا، عارف نقوی نے عمران خان کو کالا دھن فراہم کیا، برطانیہ میں پکڑی گئی 250 ملین کی منی لانڈرنگ کا پیسہ عمران خان نے بحریہ ٹائون کو واپس کردیا۔ وزیرمملکت نے سوال اٹھایا کہ اگر عمران خان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے تو 250 کنال کے بڑے گھر میں کیسے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عدالت سے عمران خان کے دوست عارف نقوی کو 290سال کی سزا ملنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارف نقوی نے عمران خان کو 250 ملین ڈالر دیئے تو پھر وہ کیسے صادق اور امین ہوسکتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ برطانیہ میں پکڑی گئی 250 ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کا پیسہ 2019 میں عمران خان کی حکومت کے دوران بحریہ ٹائون کو دیدیا گیا جس کے بدلے میں 2020  میں بحریہ ٹائون نے ایک ٹرسٹ کو زمین منتقل کی جس کے ٹرسٹی عمران خان اور ان کی اہلیہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کی منی لانڈرنگ کے حوالہ سے فنانشل ٹائم میں اداریہ لکھنے والے شخص نے ایک کتاب ”دی کی مین”( The key Man (بھی تحریر کی ہے جس میں عمران خان اور ان کے دوست عارف نقوی اور ان کی کمپنیوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ کتاب میں واضح لکھا گیا ہے کہ 2013 تا2018 کے دوران عارف نقوی کو پاکستان میں اپنے کام کرانے کیلئے پیسے لینے والا کوئی شخص نہ ملا جبکہ وہ اس مد میں 20 ملین ڈالر دے رہا تھا دوسری جانب عمران خان کی حکومت کو عارف نقوی نے دو ملین ڈالر میں خرید لیا اور میڈیا میں رپورٹ ہوا کہ عارف نقوی  پاکستان آیا اور وزیراعظم عمران خان سے ملا جس کے بعد عمران خان نے کہا کہ یہ میرے دوست ہیں ان کے تمام کام کردیئے جائیں۔