اسلام آباد،2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سیدخورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، فیصلہ آئین کے مطابق ہے احترام کیا جانا چاہیے،ملکی مفاد میں سب جماعتوں کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیدخورشیدشاہ نے کہاکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک زیر التوارہا ۔ الیکشن کمیشن نے الزام تراشی کے باوجود جو فیصلہ دیا ہے وہ خوش آئند ہے ، عمران خان الزامات کی بھر مارکر معاملات کو متنازع بنانے کی کوشش کرتاہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات میں انہیں خوف تھا اس لئے الزام تراشی پہلے ہی شروع کر دی کہ اگر ہار گیا تودھاندلی کاالزام لگادوں گا،چیف الیکشن کمشنر کانام بھی انہوں نے خود تجویزکیاتھا،بعد میں ان کے خلاف ہو گئے۔
سیدخورشیداحمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہواہے جس کا احترام کیاجاناچاہیے، سیاست دانوں کو عوام کے سامنےجھوٹ نہیں سچ بولناچاہیے،عمران خان نے 8 سال تک قوم کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں سے بھی جھوٹ بولا ۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو گئی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف کیس پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ(ن) ، جے یوآئی ف ، اے این پی یادیگر جماعتوں نے نہیں پی ٹی آئی کے اپنے فنانس سیکرٹری نے کیا تھا۔
سیدخورشیداحمد شاہ نے کہا کہ بھارت اور یہودیوں سے اقتدارکے لئے پی ٹی آئی نے پیسے لئے، قوم کواس کاسوچنا چاہیے۔ ملک دشمنوں سے پیسے لے کر عوام کو دھوکادیناظلم ہے۔ ہماری پارٹی کے معاملات کی بھی بیشک تحقیقات کریں۔ ہم بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں اور کابینہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین اور قانو ن کے مطابق فیصلہ کریں،پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا،امید ہے کہ ہمارےادارےآئین اور قانون سے بالا تر ہو کر کسی کوفائدہ نہیں پہنچائیں گے۔











