جدوجہد آزادی کیلئے سیدعلی گیلانی، یاسین ملک اور عبدالغنی بٹ سمیت تمام حریت رہنمائوں کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں؛ محمد عارف چوہدری

16

سیالکوٹ،3اگست  (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی محمد عارف چوہدری نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی، یاسین ملک  اور عبدالغنی بٹ  سمیت تمام حریت رہنمائوں کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نشیب و فراز کے باوجود مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا اور ثابت قدم رہے۔

یوم استحصال کشمیر کے  حوالے سے   اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے حاجی محمد عارف چوہدری نے کہا کہ ہم بھارت کے 5 اگست 2019کے اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جس کے تحت بھارت نے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ ان  کا کہنا تھا کہ بھارت گزشتہ 74سالوں سے مظلوم و نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

حاجی محمد عارف نےکہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو  چاہیے  کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم اور زیادتیوں کا نوٹس لیں ۔  انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر قبضے کی کوششوں میں نہ پہلے کامیاب ہوا ہے اور نہ مستقبل میں ہو گا کیونکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کی جنگ جیت کررہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  برھان وانی  نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے جس سے کشمیری  بہت جلد آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔