سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ عمر سلامت کا نوشہرہ ورکاں کا اچانک دورہ ، محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا

37

نوشہرہ ورکاں،04 اگست  (اے پی پی ): سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ عمر سلامت  نے  نوشہرہ ورکاں  کا  اچانک دورہ کیا  اور محرم الحرام کے سلسلہ میں  انتظامات کا جائزہ لیا۔

سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت محلہ پرانا کمیٹی گھر ایریا میں واقع آل عمران امام بارگاہ  بھی   گئے اور اس موقع پر لائسنس ہولڈر عمران علی شاہ اور اہل تشیع کے دیگر افراد کے علاوہ  ڈی ایس پی سرکل چوھدری عبد الحمید ورک،ایس ایچ او جاوید چوھدری اور ایلیٹ فورس کا دستہ موجود تھا۔

سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے تھانہ نوشہرہ ورکاں کا دورہ بھی کیا اور تھانہ کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ بھی لیا اور اس موقع پر وائس چیئرمین پریس کلب نوشہرہ ورکاں شیخ منیر احمد آزاد کی طرف سے نوشہرہ ورکاں میں پولیس خدمت مرکز نہ ہونے بارے اور قیام کے مطالبہ پر سی پی او عمر سلامت نے ڈی ایس پی سرکل  چوھدری عبدالحمید ورک کو ہدایت کی ہے کہ دس محرم کے بعد تھانہ میں پولیس خدمت مرکز کے قیام  کا آغاز کیا جائے جس کے لیے جتنا  فنڈ درکار ہو گا  فراہم کیا جائے گا اور رواں ماہ میں اس کام کو مکمل کر کے فعال بنایا جائے۔

سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے نوشہرہ ورکاں میں جلوس اور مجالس کے دوران فول پروف سکیورٹی کا انتظام کرنے کی ہدایت کی اور گوجرانوالہ  واپسی سے قبل تحصیل کچہری میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔