اسلام آباد،12اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانااسد محمود نے کہاہے کہ پاکستان کی آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر محکمہ ڈاک کی طرف سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجرا کی تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے، پاکستان پوسٹ نے ملک کی آزادی ، خودمختاری اور ترقی میں ہمیشہ اپنا کردار اداکیا، آج کا دن اس تجدید عہد کادن ہے ، ہم اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صارفین کی خدمت میں کردار اداکرتے رہیں گے،پاکستان پوسٹ کو جدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوکر ملک وقوم کی ترقی میں کلیدی کردار اداکرناہے، سروسز کی بہتری کے عزم کےساتھ ادارہ کو منافع بخش بنائیں گے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے سلسلہ میں یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب پوسٹل سٹاف کالج اسلام آباد میں منعقدہوئی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ محکمہ ڈاک ملک کی معاشی اقتصادی ترقی میں اپنا نمایاں کردار اداکرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کااجرا کیاجارہاہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس پر محکمہ ڈاک اور وزارت مواصلات کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ پاکستان پوسٹ نے ملکی ترقی میں کردار ادا کیا ہے اورآج ہم اس عہد کی تجدید کررہےہیں کہ ہم سب کسی نہ کسی حیثیت میں اپنے وطن کے لئے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانااسد محمود نے کہاکہ اس تقریب میں شرکت باعث سعادت ہے اور اللہ رب العزت نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم ملک و ملت کے لئے خدمات پیش کرسکیں گے،اداروں کی سطح پر ہماری ذمہ داریاں تقسیم ہوجاتی ہیں لیکن ہر شعبے نے ملک کی خدمت کے لئے بہترین ذہنیت کے حامل لوگوں کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت کرنی ہے اور زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملاکرچلنا ہے جس کے لئے جدید اصلاحات اوراقدامات اٹھانا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوٰی نہیں کرتاکہ اس مختصر مدت میں ادارے کی مشکلات کو ختم کردوں گاتاہم یہ عزم ضرور رکھتے ہیں کہ پاکستان پوسٹ کومنافع بخش ادارے کی طرف لے جائیں گے اور ماضی قریب کی طرح ڈاکخانے بند کرکے ڈائون سائزنگ نہیں کریں گے بلکہ پاکستان پوسٹ کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لئے اسے وسعت دیں گے۔ نئے ڈاکخانے بھی کھلیں گےاور نئے عزم اور ولولے کے حامل کے لوگوں کو آگے لائیں گے، 6 کروڑکی بجائے 22 کروڑ صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو گا۔
وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانااسد محمود نے کہاکہ سیونگ اکائونٹس بھی ختم نہیں ہوگا،ہم سیونگ بینک کی طرف سے بھی جائیں گے اور پنشنرزکو پنشن بھی اداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان پوسٹ کو ترقی کی طرف لے جانے کے لئے قلیل اور طویل المدت پالیسیاں مرتب کی ہیں جس پرگامزن ہو کر ہم اس ادارے کو منافع بخش بناسکتے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی سیکریٹری مواصلات کیپٹن (ر) خرم آغانے کہاکہ پاکستان پوسٹ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کے ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کر دار ادا کر سکتا ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے کہاکہ راناحسن اختر نے کہا کہ پاکستان پوسٹ اس سے پہلے بھی یوم آزادی پاکستان کی سلور جوبلی 1972ء اور گولڈن جوبلی 1997ء کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا اجراء کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یادگاری ٹکٹوں کی چھپائی کا عمل نیشنل سیکورٹی پر نٹنگ پریس نے انجام دیا۔ 14 اگست2022ء سے یہ یادگاری ٹکٹ ملک بھر کے اہم ڈاکخانوں میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔