اوکاڑہ،17اگست (اے پی پی): چیف ایگزیکٹیوآفیسر/سینئر جنرل مینجر پاکستان ریلوے فرخ تیمور غلزئی نے کہاہےکہ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کہ خصوصی توجہ اور محنت سے کروڑوں روپے کی لاگت سے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کی نئی بلڈنگ اوکاڑہ کے عوام کے لئے بہت بڑا تحفہ اور اوکاڑہ کی پہچان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کے دورہ کے دوران میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہو ئے کیا۔میڈیا نمائندگان نےاوکاڑہ ریلوے اسیشن پر دیرینہ مسئلہ مسافروں کو ایک پلیٹ فارم سے دوسرے تک جانے کے لئے فٹ اوور برج نہ ہونےپرعوام کی تشویش کا بتایا جس پر
سی ای او / سینئر جنرل مینجر نے یقین دلایا اور کہا کہ مسافروں کو ایک پلیٹ فارم سے دوسرے تک جانے کے لئے چیف انجینئر کو ہدایت کرونگا کہ فوری فٹ اوور برج مہیا کرے۔
میڈیا نمائندگان نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن سے متعلقہ دیگر مسائل سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے کو آگاہ کیا۔جس پر سی ای او / جنرل مینجر پاکستان ریلوے فرخ تیمور غلزئی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن اوکاڑہ کی کڑوروں روپے مالیت کی بلڈنگ کو استعمال میں لانے کے لیے کوشاں ہیںاس کےعلاوہ ریلوے اسٹیشن پر پانی سٹاک کرنے والے ٹینک کی پراپر صفائی کا انتظام کیا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کے لیے سویپر کی تعداد میں بھی اضافہ کریں گے اور ریلوے اسٹیشن کے ملازمین کے سرکاری کوارٹروں میں نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائےگا۔اس موقع پرڈویژنل سپرنٹنڈینٹ پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور حنیف گل،
فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز (FGIR) امیر محمد داؤد پوتا اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے