ملتان، 18 اگست (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایم سی 2 زون پر بغیر ٹریکر والی بسوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی MC-II زون شاہد جاوید نے موٹروے پر چلنے والی تمام بس کمپنیز کو ہدایات جاری کر دیں، اس سلسلے میں موٹروے پولیس کے سیکٹر آفس میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی سربراہی میں بس کمپنیز کے مالکان سے میٹنگ کی۔میٹنگ میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس خالد محمود کے احکامات اور ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کی طرف سے جاری کردہ ہدایات بس کمپنیز کے مالکان تک پہنچائی۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ موٹروے پولیس نے MC-II زون پر بغیر ٹریکر والی بسوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے، بغیر ٹریکر والی پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلہ موٹروے پر بند کر دیا جائے گا تمام بس کمپنیز بس ڈرائیورز کے حوالے کرنے سے پہلے ڈرائیورز کے اوقات اور آرام کو مانیٹر کریں،کنڈکٹرز/ اسٹیورڈز کو بھی بسوں میں سونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، بلکہ انہیں ڈرائیور کی ڈرائیونگ پر نظر رکھنے کا ذمہ دار بنایا جانا چاہیے، ڈرائیورز کی پچھلی سیٹوں پر بیٹھے مسافروں کو بتایا جائے کہ وہ ڈرائیور پر نظر رکھنے کے ذمہ دار ہیں، ڈرائیور کی پچھلی سیٹ پر کسی مسافر کو سونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ مسافروں کی پہلی 4 سیٹوں کے سامنے اسٹیکرز لگائیں اگر ڈرائیور نیند کی حالت میں گاڑی چلاتے ہیں یا حد رفتار سے تجاوز کرتے ہیں تو NHMP کے ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دیں۔ مزید پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالکان اس بات کو یقینی بنائیں اور عملے کو بریف کریں کہ ذمہ دار تعلیم یافتہ مسافروں کو ڈرائیور کے پیچھے سیٹیں دی جائیں۔
سیکٹر کمانڈر نے مزید کہا کہ اگر ڈرائیوروں کی لاپرواہی بالخصوص نیند آنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا تو کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور موٹروے پر اس کمپنی کا داخلہ بند کر دیا جائے گا۔ مالکان کو بسوں میں نصب کیمروں کی ریکارڈ شدہ ویڈیوز دیکھنی چاہئیں تاکہ اسٹیورڈز کی شکایت پر ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ کے دوران ان کے غیر معمولی رویوں سے خبردار کیا جا سکے۔ بسوں میں جدید ٹریکر لگانے اور انہیں مانیٹر کرنے کا مقصد ڈرائیورز کو قانون کی پاسداری کروانا ہے تا کہ بس میں موجود مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔