اسلام آباد، 23 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی فوری مالی امداد کےلئے 37.2 ارب روپے کے فلڈریلیف کیش پروگرام کے تحت رقوم کی تقسیم کا عمل تیزکر دیا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔سیلاب میں جاں بحق ہونےوالے افرادکے لواحقین کوفی کس 10 لاکھ روپے جبکہ ہر متاثرہ گھر کی تعمیر نو کے لئے 5 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔
پرائم منسٹر فلڈ ریلیف کیش تعاون پروگرام کا بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے آغاز کر دیا گیاہے ۔وزیر اعظم کی ہدایت پر مشکل گھڑی میں اپنوں کا ساتھ دینے کے عزم کے تحت وزیراعظم فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ 15لاکھ مستحق خاندانوں کے 90 لاکھ افراد کے لئے بائیومیٹرک تصدیق سے پچیس ہزار روپے فی خاندان متاثرہ علاقوں میں شراکت دار بینکوں کے خصوصی کیمپس کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی جائے گی جس کے لئے 8171 سے انہیں رہنمائی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا،جومتاثرہ خاندان BISP کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ان کے سربراہ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پرSMS کریں۔ اس کے علاوہ سروے کی تکمیل کے بعد ہر متاثرہ گھر کی تعمیر نو کے لئے پانچ لاکھ روپے فی گھر اور جاں بحق افراد کے ورثا کے لئے دس لاکھ روپے فی خاندان امداد دی جائے گی ۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس ضمن میں اب تک 542 میں سے 493جاں بحق افراد کے لواحقین کو بذریعہ چیک ادائیگی کی جا چکی ہے اور ریلیف آپریشن کے لئے این ڈی ایم اے کو پانچ ارب کی فراہمی کر دی گئی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے خادم کے طور پر متاثرین سیلاب کو یہ یقین دلایا ہے کہ جب تک آخری گھر آباد نہیں ہوتا میں چین سے نہیں بیٹھوں گااور میرا آپ سے یہ وعدہ ہے ۔ وزیر اعظم نے قوم سے بھی اپیل کی کہ آپ بھی آگے بڑھیں مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی کے لئے پرائم منسٹر فلڈ ریلیف سے فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں ۔ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ اکاؤنٹ نمبر G-12164 ہے۔











