رحیم یار خان،23 اگست (اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسرصادق علی ڈوگر نے تھانہ میں آنے والے سائلین سے حسن اخلاق اور فوری قانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مقدمات کے فوری اندراج، میرٹ پر یکسوئی اور عوام الناس کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈی پی آفس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔آر پی او صادق علی ڈوگر نے سرکل پولیس افسران کوغیر قانونی اسلحہ، منشیات، جواء، مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیاجائے اور ملزمان کے پتھیارا داروں اور سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے ۔
آر پی او صادق علی ڈوگر نے ضلعی پولیس کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے مشکوک علاقوں اور افراد کے خلاف باقاعدگی سے سرچ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پٹرولنگ پولیس ، ضلعی پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کرے ۔
اجلاس میں ڈی پی او اختر فاروق ، ایس پی دوست محمد، اے ایس پی بھونگ خرم مہیسر اور اے ایس پی صادق آباد رحمت اللہ اور اے ایس پی احمد نصر اللہ ملک سمیت ڈی ایس پی سٹی اسلم خان، ڈی ایس پی صدر دستگیر لنگاہ، ڈی ایس پی خان پور اللہ یار سیفی اور ڈی ایس پی لیاقت پور عظیم بھٹی اور ڈی ایس پی لیگل عبدالرزاق رانا، ڈی ایس پی پٹرولنگ رانا نوید ممتاز اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس چوہدری محمد اصغر شریک تھے ۔
قبل ازیں آر پی او صادق علی ڈوگر نے کچہ میں اگلے مورچوں پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور بارشوں کی وجہ سے نامساعد حالات میں فرض شناسی پر اہلکاروں کو شاباش دی۔انہوں نے اہلکاروں سے مسائل دریافت کیے اور ان کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ آر پی او صادق علی ڈوگر نے جوانوں کو بلند مورال، پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی سے فرائض کی ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔