حالیہ بارشوں و سیلاب سے اب تک 225 افراد جاں بحق، 1200 سے زائد زخمی،مال مویشی، فصلوں اور انفراسٹرکچر متاثر، ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کی میڈیا سے گفتگو

18

اسلام آباد۔23اگست  (اے پی پی):بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، سیلاب سے اب تک 225 اموات، 1200 افراد زخمی اور 10 ہزار سے زائد لائیو سٹاک متاثر ہوا ہے، سیلاب کی وجہ سے بعض علاقوں کا ابھی تک زمینی رابطہ منقطع ہے۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں جنہوں نے سیلاب زدگان کے حوالہ سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے بعض علاقوں کا ابھی تک زمینی رابطہ منقطع ہے، سیلاب کے باعث وہاں انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، راستے ٹوٹ پھوٹ کے شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے متبادل راستے بنا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے وہاں کا سولر سسٹم اور ٹیوب ویلز بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، سیلاب سے اب تک 225 اموات، 1200 افراد زخمی اور 10 ہزار سے زائد لائیو سٹاک متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد پر وزیراعظم شہباز شریف کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سیلاب متاثرین کے امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان ہے جبکہ عملی کام کرنا مشکل ہے، ہم بلوچستان کے عوام کیلئے بھرپور فلاح و بہبود کے کام کر رہے ہیں۔