سکھر۔ 24اگست (اے پی پی): طوفانی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، تیز ہواؤں کیساتھ ہونی والی بارش کے بعد سکھر انتظامیہ کی مثالی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے، انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث شہر کے رہائشی و تجارتی و کاوباری مرکزو شاہراہ برساتی و ڈرینج کا پانی جمع ہوگیا اور اسکو نکالنے کا عمل کئی گھنٹوں بعد بھی شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔
سکھر انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود ابتک متاثرہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات بھی بہتر نہیں بنائے جاسکے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں جیل موڑ روڈ،ایوب گیٹ،گھنٹہ گھر، اسٹیڈیم روڈ،مینارہ روڈ،جیلانی روڈ،ایوب گیٹ،گھنٹہ گھر،ریس کورس روڈ،سوکھا تالاب،ریلوئے انجن شیڈ کالونی،نیو پنڈ،گڈانی پھاٹک،مائیکرو کالونی،بھوسہ لائن، قریشی گوٹھ،نمائش چوک،پرانہ سکھر،مہران مرکز سمیت شہر کے مختلف رہاشی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے اور نالیاں اور گٹر ابلنے سے ڈرینج کا گندہ پانی بھی جمع ہو کر تالاب کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر بھی جمع ہو چکے ہیں۔
بلدیہ اعلیٰ سکھر کے ناقص انتظامات پر شہری حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیربلدیات،کمشنر،ڈپٹی کمشنر،ایڈمنسٹریٹر،میونسپل کمشنر سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔