عارف والا؛ ڈپٹی کمشنر آصف حسین شاہ کا مختلف علاقوں کا دورہ ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

15

عارف والا،25 اگست  (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر  سید آصف حسین شاہ نے  تحصیل  بھر کا دورہ کیا اور  سرکاری دفاتر اور مختلف مقامات سمیت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، تاجر نمائندگان، صحافیوں اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کی ۔

 ڈپٹی کمشنر  سید آصف حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے، علاقہ میں مزید ترقیاتی کاموں کے لئے بلدیہ کا ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 ڈپٹی کمشنر  سید آصف حسین شاہ نے  اسسٹنٹ کمشنر آفس میں میٹنگ روم کا افتتاح کیا، بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے تھانہ بازار میں سڑک کی تعمیر کے معیار کو چیک کیا، مال منڈی مویشیاں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کر کے انتظامات کا جائز لیا۔

ڈپٹی کمشنر پاکپتن سید آصف حسین شاہ نے صحافیوں کی نشاندہی پر شہر کے اندر دونوں ریلوے پھاٹکوں کو ہر وقت کلئیر رکھنے، فاطمہ جناح پارک کی حالت بہتر کرنے، محلہ مظفرآباد آباد کی خستہ حال واٹر ٹینکی کا جائزہ لینے، چوک کمہاراں والا کے قریب فلٹریشن میں لایٹس لگوانے، محلہ ضیاء نگر میں گندے پانی کے جوہڑ کو ختم کروانے اور تھانہ احمد یار روڈ کی تعمیر جلد مکمل کروانے سمیت دیگر معاملات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر اظہر طارق وٹو کو ہدایات بھی جاری کیں۔