اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ضلع اوکاڑہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

16

اوکاڑہ25اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ مربوط ترقی وقت کی ضرورت اور مسائل کے حل کے لئے بنیادی کلید کی حیثیت رکھتی ہے ترقیاتی سکی میں اس انداز سے مکمل کی جائیں کہ وہ علاقائی ضرورت پائیداری اور کفایت شعاری کے تمام پہلووَں پر پوری اترتی ہوں قومی وسائل ہمارے پاس امانت ہیں اور انہیں انتہائی احتیاط ذمہ داری اور ایمانداری سے استعمال میں لائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں تمام محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی ۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ سردار مرغوب ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 29 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں جبکہ 22 نئی سکیموں پر کام کیا جا ئے گا محکمہ اوقاف ،محکمہ جنگلات ،محکمہ انہار ،محکمہ لوکل گورنمنٹ ،محکمہ صحت ،محکمہ بلڈنگ ،محکمہ شاہرات ،محکمہ سپورٹس ،محکمہ پبلک ہیلتھ اور محکمہ جنگلی حیات کے محکموں کی سکی میں مکمل کی جائیں گی ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ضلع میں عوامی سہولت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اور بجٹ کو طے شدہ طریقہ کے مطابق استعمال میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ شہروں کو آپس میں ملانے والی سٹرکوں ،کھیلوں کے میدان بہترین حالت میں رکھنے کے لئے ان پر محنت کی جائے انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے بنائی جانے والی عمارتوں میں کئے جانےو الے رنگ و روغن کی کلر سکیم جازب نظر ہونی چاہیے انہوں نے ہدایت کی کہ حضرت داوَد بندگی  کرمانی کے مزار کے تذین و آرائش کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور دستیاب وسائل کو طے شدہ ایس او پیز کے مطابق استعمال کیا جائے ۔