سکھر، 25اگست(اے پی پی): آئی جی موٹر وے خالد محمود اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ فدا حسین مستوئی کی خصوصی ہدایت پر قومی شاہراہوں پر ملک کے مختلف علاقوں میں موٹر وے پولیس حالیہ تباہ کن برسات میں پریشان حال مسافروں کو مدد فراہم کرنے سمیت شاہراہوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات میں مصروف عمل ہے ۔
ایس پی موٹروے پولیس سکھر زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی قومی شاہراہ حالانی سے سندھ پنجاب سرحد تک نیکی اور خدمتِ کے جذبے سےسرشار موٹروے پولیس سکھر کے افسران و اہلکار حالیہ تباہ کن برسات میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور مدد کے طلب گار پریشان حال مسافروں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے رہنمائی اور بر وقت مدد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
ایس پی موٹروے پولیس سکھر زاہد نذیر وریاہ کا کہنا ہے کہ سیکٹر کے تمام ڈی ایس پیز اپنی بیٹ ایریا میں قومی شاہراہ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اداروں ، لوکل انتظامیہ، ایدھی اور لوکل پولیس سے 24 گھنٹے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ ہر سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ موجودہ خراب حالات کے پیش نظر جلد بازی کا مظاہرہ ہر گز نا کریں اور موٹر وے پولیس کی جاری کر دہ ہدایات پر ضرور عمل کریں، مزید معلومات کے لئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کریں۔