سیلاب متاثرین کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے، وزیر اعظم

52

ڈیرہ اسماعیل خان،07ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیر نو کے لئے بڑے پیمانے پروسائل درکار ہوں گے تاہم متاثرین کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے،ٹانک میں 100 گھروں پر مشتمل بستی کا دو ہفتے بعد افتتاح کریں گے،گھروں کی تعمیر کے لئے نقد رقم دینے یا گھر تعمیر کرکے دینے پر غور کررہے ہیں،بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے نقصانات سے بچائو کے لئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کرنا ہوگی،دیر پا منصوبے بنانے ہوں گے،متاثرین کی امداد شفاف طریقے سے ان تک پہنچائیں گےاور  اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیراعظم نے بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان  کے سیلاب سے متاثرہ سگو پل کادورہ کیا۔اس موقع پروزیراعطم کو ٹریفک کی بحالی اور دیگر امدادی سرگرمیوں  پر بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم کوبتایا گیا کہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے این ایچ اے نے دن رات کام کیا۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے  تمام ادارے مل کرکام کررہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن ،  وزیرمواصلات  مولانا اسعدمحمود، انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔

سگو پل کےدورہ   کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر مصیبت کی اس گھڑی میں  صورتحال  کے جائزے کےلئے آپ کے پاس  حاضر ہوا ہوں۔ گزشتہ مرتبہ ٹانک  اور ڈیرہ آیا تھاتو اس وقت یہ علاقے حالیہ بارشوں کی تباہی سے پہلے کے ریلے میں مشکل سے نکل رہے تھے۔ اپنےرفقا کے ساتھ جا کر متاثرین  کوتسلی دی تھی کہ اس وقت مشکل وقت اور قدرتی آفت ہے لیکن اللہ کی مدد سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ، ادارے اور افواج پاکستان  مل کر پسند ناپسند اور سیاست سے بالاتر ہو کر علاقے کی خدمت کے لئے کام کریں گے۔