اسلام آباد،7ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ توشہ خانہ سے تحائف چرا کر گھر لے جانے والا اور توشہ خانہ کیس میں جھوٹا حلف نامہ دینے کے بعد عمران خان صادق اور امین نہیں رہا ہے ۔
بدھ کو الیکشن کمیشن میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ناہلی اورتوہین کے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ ہم نے سوال اٹھایا ہے کہ توشہ خانہ سے کروڑوں کی چیزیں وصول کی ، اس کے عوض 2 کروڑ روپے جمع کروائے جس کی رسیدیں ہمارے پاس موجود ہیں، ہمارا سادہ سا سوال ہے کہ کیا الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے گوشواروں میں یہ تفصیل دی ہے۔اگر نوازشریف اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل ہوسککتے ہیں تو عمران خان نے تو پورا توشہ خانہ چھپا رکھا ہے،نوازشریف نے تو 2013 میں اپنے گوشوارے میں اقامہ ظاہر کررکھا تھا۔











