اسلام آباد،09ستمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سےفرانس کے سفیرنکولس گیلے نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فرانس دوطرفہ تعلقات باہمی احترام کے اصولوں پر استوار ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور خاص طور پر افغانستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات کے عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا پر امن حل ضروری ہےاور کہا کہ پاکستان دوطرفہ دلچسپی کے تمام امور پر فرانس کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے اور کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
فرانس کے سفیرنے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا یقینی کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔