اسلام آباد،9ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا پاکستان کے دو روزہ دورے کے موقع پر جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ انتونیو گوتیرس ہولناک سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے عوام سے گہری ہمدردی اور اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔