اسلام آباد،9ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی اورسیلاب متاثرین کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں خطیر رقم کا چیک پیش کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے جبکہ وفد میں چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ خواجہ مسعود اختر، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عمران اکبر ، سی ای او الغازی ٹریکٹرز ملک احتشام اکرام اور دیگر صنعتکار اور تاجر شامل تھے۔
وفد نے سیلاب متاثرین کے لئے خطیر رقم کا عطیہ وزیر اعظم کو پیش کیا۔ وفد کی جانب سے راشن اور دوسری اشیائےضروریہ کی صورت میں امدادی سامان بھی سیلاب زدگان کے لئے عطیہ کیا گیا ۔ وفد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی بھی بنائی ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے لیے بھی سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنا کردار ادا کریگی۔
وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس آفت سے نمٹنے کے لیے ہر طبقہ کے لوگوں کو آگے آنا ہوگا اور اس ضمن میں خصوصاً تاجروں اور صنعتکاروں کا بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے بےتحاشا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ سیلاب اپنے ساتھ فصلوں، مویشیوں اور مواصلاتی انفراسٹرکچر کو بھی بہا لے گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کو فی خاندان 25000 روپےانتہائی شفاف طریقہ کار کے ذریعہ دئیے جا رہے ہیں اور اس مد میں وفاقی حکومت نے 70 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔