وزیراعظم محمد شہباز شریف کی برطانوی ہائی کمیشن آمد، ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت

10

اسلام آباد،9ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف جمعہ کو برطانوی ہائی کمیشن گئے اور ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کی۔وزیراعظم نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کی خدمات کو خراج عقیدت  پیش کرتے ہوئے ہائی کمیشن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

ان کی آمد پر برطانوی ہائی کمشنر نے ہائی کمیشن کے دیگر افسران کے ہمراہ وزیراعظم کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نے برطانوی وزیراعظم لز ٹروس کو بھی خط لکھاتھا اور شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ عوامی مفاد کے لئے اپنی خدمات کے علاوہ اتحاد اور بھائی چارے کی علامت تھیں۔ برطانیہ میں سات دہائیوں تک سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ جمعرات کو 96سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔